لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی سے بڑی تنصیبات کو محفوظ بنانے کے لیے بند توڑے جا رہے ہیں جبکہ مکینوں اور مویشیوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ڈھائی لاکھ کیوسک پانی راوی اور شاہدرہ سے گزر جائے گا، انسانی جانوں کو بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ لوگ شوقیہ طور پر سیلابی پانی دیکھنے نہ آئیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرآباد میں حالات معمول پر ہیں جبکہ فلار ملز نے قیمتیں بڑھانے کے لیے سیلاب کو بہانہ بنایا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آٹا اور روٹی کی قیمت پر زیرو ٹالرنس ہے۔






