بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھولنے کے بعد 8 لاکھ کیوسک کا ایک اور سیلابی ریلہ چھوڑ دیا گیا ہے جو دو روز میں ہیڈ مرالہ پہنچے گا۔ گوجرانوالہ انتظامیہ کے مطابق دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں میں اعلانات کروا کر لوگوں کو خبردار کیا جا رہا ہے اور ممکنہ سیلابی ریلے سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب دریائے ستلج کے بہاؤ سے بہاولپور میں 7 بند ٹوٹ گئے جس سے ہزاروں ایکڑ فصلیں زیرِ آب آ گئیں اور متاثرین کو کشتیوں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔ جھنگ میں بھی سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے نکالا جا رہا ہے جبکہ مظفرگڑھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور بیشتر لوگ تاحال ریلیف کیمپوں میں منتقل نہیں ہوئے۔ عارف والا میں ایک بارات بھی سیلابی پانی میں پھنس گئی تھی تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دولہا اور باراتیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔






