ترجمان افغان حکومت کے مطابق افغانستان میں گزشتہ رات آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 800 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 2800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
افغان خبر ایجنسی خامہ پریس کے مطابق گزشتہ شب مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر 6.0 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے تقریباً 20 منٹ بعد ہی اسی علاقے میں 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا۔ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ننگرہار صوبے کے شہر جلال آباد سے 27 کلومیٹر مشرق میں تھا، اور اس کی گہرائی 8 کلومیٹر تھی۔
افغان حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا جہاں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور ہزاروں لوگ زخمی ہیں، جب کہ صوبہ ننگرہار میں 12 ہلاکتیں اور 225 زخمی رپورٹ ہوئے۔ حکام کے مطابق درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ہنگو، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔






