برطانیہ نے سندھ میں متوقع تباہ کن سیلاب سے نمٹنے کے لیے 12 لاکھ پاؤنڈز (تقریباً 45 کروڑ 40 لاکھ روپے) کی اضافی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد بروقت انتباہی نظام، متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا، کمزور گھرانوں کی نشاندہی، ضروری اشیاء اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے استعمال کی جائے گی۔ برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے مطابق فنڈز سندھ میں کام کرنے والی مختلف غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) کو فراہم کیے جائیں گے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ ہر ڈالر جو تباہی سے پہلے بچاؤ پر خرچ ہوتا ہے، آفات کے بعد کے اخراجات میں سات گنا بچت ممکن بناتا ہے، اور سب سے اہم یہ ہے کہ قیمتی جانیں محفوظ رہتی ہیں۔ اس امداد کے ساتھ برطانیہ کی پاکستان کے لیے مجموعی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد 25 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈز (95 کروڑ 80 لاکھ روپے) تک پہنچ گئی ہے۔






