برطانیہ میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار ہونے والے قومی کرکٹر حیدر علی کیس خارج ہونے کے بعد لندن سے پاکستان روانہ ہو گئے۔ ائرپورٹ پر ان کے دوستوں نے انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
مانچسٹر پولیس کو 4 اگست کو حیدر علی کے خلاف مبینہ جنسی زیادتی کی شکایت موصول ہوئی تھی، جس کا واقعہ 23 جولائی کو مانچسٹر میں پیش آیا۔ برطانوی پولیس نے کرکٹر کو گرفتار کرنے کے دو دن بعد رہا کیا تھا اور تفتیش میں الزامات ثابت نہ ہونے پر کیس بند کر دیا گیا۔ پاسپورٹ ملنے کے بعد حیدر علی کی وطن واپسی ممکن ہوئی۔




