پاکستان کے مایہ ناز جیولن تھرو ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے مکمل طور پر فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
ان کے کوچ سلمان بٹ اور فزیو ڈاکٹر اسد عباس شاہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد نہ صرف مکمل فٹ ہیں بلکہ شاندار فارم میں بھی ہیں، اور اس بار ان سے گولڈ میڈل کی بھرپور امید ہے۔
کوچنگ اسٹاف کے مطابق ارشد کی فزیکل کنڈیشننگ اور تکنیکی مہارت اس وقت بہترین سطح پر ہے، اور وہ عالمی اسٹیج پر ایک بار پھر پاکستان کا پرچم بلند کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ارشد ندیم 9 ستمبر کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو روانہ ہوں گے، جہاں وہ 17 اور 18 ستمبر کو ہونے والے جیولن تھرو مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
کوچ سلمان بٹ نے اپنے بیان میں کہا، ’’ہمیں مکمل یقین ہے کہ ارشد اس بار بھی شاندار کارکردگی دکھا کر قوم کو ایک اور خوشی کا موقع دیں گے۔‘‘
ادھر کھیلوں سے محبت رکھنے والے عوام اور سپورٹس اتھارٹیز کی نظریں ارشد ندیم پر مرکوز ہیں، جو لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں دن رات سخت تربیت میں مصروف ہیں۔ ان کی تیاری میں خصوصی توجہ فزیکل فٹنس، رفتار اور تھرو کی تکنیک پر دی جا رہی ہے۔




