قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ مرات نورتلیو دو روزہ دورے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نومبر میں قازقستان کے صدر کے مجوزہ دورۂ پاکستان کی تیاریوں کے سلسلے میں ہو رہا ہے۔ مرات نورتلیو کے ہمراہ وزیرِ نقل و حمل سمیت 13 رکنی اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
دورے کے دوران زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس منعقد ہوں گے، جبکہ قازق وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار کے علاوہ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان کے مطابق ان ملاقاتوں میں تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافتی و سیاحتی تبادلے، علاقائی روابط اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔




