پشاور کے علاقے حیات آباد میں متنازع اور غیر اخلاقی پارٹی کی تشہیر کرنے پر پولیس نے نامعلوم منتظمین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر ایس ایچ او حیات آباد طارق خان کی مدعیت میں درج کی گئی۔
مقدمے کے مطابق ڈی جے میر کی طرف سے کلر فیسٹیول کے انعقاد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اشتہار دے کر ٹکٹوں کے پیسے دھوکہ دہی سے وصول کیے جا رہے تھے۔ فیسٹیول باغ ناران میں منعقد ہونے والا تھا جس پر مذہبی طبقوں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں میں غم و غصہ پایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے اور غیراخلاقی اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی۔ اس کے خلاف تحریک لبیک نے بھی تحریری شکایت درج کرائی ہے، جبکہ سیشن کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ میں بھی کیسز دائر کیے جا چکے ہیں۔




