ڈھاکا: بنگلہ دیش حکومت نے ایک صدی سے زائد عرصے سے بند پڑے نواب خاندان کے بینک والٹ کو کھولنے کا فیصلہ کر لیا، جس میں دنیا کے مشہور ہیروں میں سے ایک “دریائے نور” بھی موجود ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
خزانے میں 108 قیمتی نوادرات شامل ہیں، جن میں سونے اور چاندی کی جڑاؤ والی تلوار، قیمتی پتھروں سے مزین ٹوپی اور ایک نایاب بروچ شامل ہے، جو کبھی ایک فرانسیسی ملکہ کے پاس بھی رہا۔
نواب خاندان کے موجودہ وارث خواجہ نعیم مراد کا کہنا ہے کہ ہیرہ “دریائے نور” کوہِ نور کے ساتھ دنیا کے مشہور ترین ہیروں میں شمار ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اگر یہ خزانہ اصل حالت میں ملا تو اس کی موجودہ قیمت اربوں ڈالر تک ہو سکتی ہے۔






