کراچی میں شوگر ملز مالکان نے ناجائز منافع خوری کے لیے چینی کی سپلائی بند کردی، جس سے تھوک مارکیٹ میں بحران پیدا ہوگیا ہے۔
ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رؤف ابراہیم کے مطابق پیر 8 ستمبر تک ایکس مل چینی کی قیمت 175 روپے فی کلو اور تھوک قیمت 179 روپے تھی، تاہم منگل سے سپلائی روک دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے درآمدی چینی آنے میں کم از کم تین ہفتے لگیں گے لیکن شوگر ملز مالکان نے ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کے لیے جان بوجھ کر ترسیل معطل کی ہے۔
رؤف ابراہیم کے مطابق سپلائی بندش کے باعث قیمتوں میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ کی شوگر ملز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرکے سپلائی بحال کی جائے تاکہ منصوبہ بندی کے تحت مہنگائی کو روکا جاسکے۔






