اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے اور فلسطین کے تنازع کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کا ہنگامی دورہ کیا اور پاکستان نے قطر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، کسی بھی مس ایڈوینچر کی کوشش کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا، جبکہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو کسی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔





