حکومت پنجاب نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت میں سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔
کیس کی آئندہ سماعت اب یکم اکتوبر کو ہوگی جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے، جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی لاہور جیل سے ویڈیو لنک پر شریک ہوں گے۔ عدالت نے تین گواہان کو یکم اکتوبر کو پیش ہونے کے نوٹس جاری کیے ہیں۔
سانحہ 9 مئی کے تمام 12 مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ اس روز بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو دیگر 11 مقدمات میں چالان کی نقول فراہم کی جائیں۔
ادھر عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور کنول شوزب وارنٹ گرفتاری کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ہوم ڈیپارٹمنٹ کا جیل ٹرائل منسوخی کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کر دیا گیا، جبکہ عدالت نے تمام ملزمان کو یکم اکتوبر کو پیشی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔





