اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کا شراکت دار بن گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس معاہدے کی تیاری اور تکمیل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نمایاں کردار رہا۔ یہ معاہدہ کئی دہائیوں پر محیط فوجی تعاون، مشترکہ مشقوں اور دفاعی تعلقات کو ایک باقاعدہ اسٹریٹجک شراکت داری میں ڈھالتا ہے۔
معاہدے سے پاک سعودی تعلقات کا نیا تاریخی باب کھل گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سعودی عرب پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، جس نے ثابت کیا کہ یہ رشتہ صرف سفارت تک محدود نہیں بلکہ حرمین شریفین اور روضہ رسولؐ کے ساتھ عقیدت و احترام کی گہری بنیادوں پر قائم ہے۔
اس دفاعی معاہدے کے تحت کسی بھی ملک پر جارحیت دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگی، جس سے باہمی دفاعی اتحاد اور مشترکہ تحفظ کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
پاکستان اب نہ صرف حرمین شریفین کے تحفظ بلکہ سعودی عرب کی سلامتی میں بھی اسٹریٹجک پارٹنر بن گیا ہے۔ یہ پیش رفت خطے میں امن، عالمی سلامتی اور اقتصادی، سفارتی و عسکری تعاون کے وسیع امکانات کو فروغ دے گی۔





