اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں ان کا خط چیف جسٹس کو دینے سپریم کورٹ پہنچیں، تاہم پولیس نے آگے جانے سے روک دیا۔ بعدازاں پارٹی وکیل سردار لطیف کھوسہ نے یہ خط رجسٹرار آفس میں جمع کرا دیا۔
انہوں نے لکھا کہ وہ 772 دنوں سے تنہائی کی قید میں ہیں، جہاں 9×11 کے کمرے کو ان کے لیے پنجرہ بنا دیا گیا ہے، ان کے خلاف 300 سے زائد سیاسی مقدمات قائم کیے گئے جو پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں رکھتے۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اہلخانہ اور وکلا سے ملاقات نہیں کرائی جاتی اور بیٹوں سے بات کرنے کا بنیادی حق بھی نہیں دیا جا رہا۔ یہ سب نفسیاتی تشدد ہے تاکہ عوام کا حوصلہ توڑا جائے۔
عمران خان نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کے عوامی مینڈیٹ کو چرا لیا گیا، عدلیہ کو سیاسی جماعت توڑنے کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ اہم مقدمات سماعت کے بغیر التوا کا شکار ہیں۔
انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ انہیں بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت دی جائے اور بشریٰ بی بی کو فوری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔





