ایشیا کپ 2025 ایکشن سے بھرے سپر فور مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور شائقین اب میچ کے ٹکٹوں پر دلچسپ پیشکشوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سپر فور مرحلے کے انفرادی اور پیکج ٹکٹس کی فروخت آن لائن شروع ہو گئی ہے۔
سب سے سستا ٹکٹ 75 درہم (تقریباً پانچ ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہے، جبکہ سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پاک بھارت میچ کا انفرادی ٹکٹ 350 درہم (تقریباً 26 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہے۔
28 ستمبر کو ٹورنامنٹ کے فائنل سمیت باقی تمام میچوں کے انفرادی ٹکٹوں کی محدود تعداد جاری کی گئی ہے۔ بقیہ بلاک بسٹر میچوں کے لیے شائقین کے لیے دو ٹکٹ پیکجز پیش کیے گئے ہیں، جن کی قیمت 525 درہم (تقریباً 40 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔
پہلا پیکج سری لنکا بمقابلہ بنگلہ دیش، پاکستان بمقابلہ بھارت اور بنگلہ دیش بمقابلہ بھارت کے میچز پر مشتمل ہے، جبکہ دوسرا پیکج پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، بھارت بمقابلہ سری لنکا اور فائنل میچ شامل ہے۔ ٹکٹس پلاٹینم لسٹ ڈاٹ نیٹ ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔






