راولپنڈی میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام لانے کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بات چیت ضروری ہے۔ جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پیٹرن چینج ہوا ہے اور انسداد دہشتگردی عدالت میں ٹرائل رکھا گیا ہے، جہاں عمران خان کی سماعتوں میں میڈیا اور فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے سوال کیا کہ اتنا خوف کیوں ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی تصویر لیک ہو جائے گی؟ انہوں نے کہا کہ سب قیدیوں کو پیشی کا موقع ملتا ہے اور سپریم کورٹ میں تصویر لیک ہونے کے بعد آدھی عدالت کو معطل کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دنیا میں مکمل طور پر آئسولیٹ ہو چکا ہے اور بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔ فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ اگر ٹرائل کرنا ہے تو اوپن کیا جائے، اور ہر طرف پکڑ کر مار دینا نہیں چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس کوئی واضح سیاسی حکمت عملی نہیں ہے، اور پاکستان کو موقع ملا ہے کہ عرب ممالک کے ساتھ مل کر اپنا سیاسی اثر بڑھائے۔






