عالمی برادری اسرائیل و بھارت کی جارحیت اور مظالم کو فوری طور پر بند کرائے: بلاول بھٹو

0
132

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امن صرف تنازعات کی غیر موجودگی نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور اقوام کے درمیان باہمی احترام کا نام ہے۔

عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے اقوام متحدہ کے رواں سال کے تھیم کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل اور بھارت کی بلا روک ٹوک جارحیت اور مظالم کو فوری طور پر بند کرایا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج کے غزہ میں مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت انسانیت کے ضمیر پر دائمی زخم ہیں، جنہیں دنیا کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ ان کے مطابق بھارت اور اسرائیل کی کارروائیاں خطے اور دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق امن، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ “امن خوشحالی کی بنیاد ہے، جس کے بغیر جمہوریت کمزور اور انصاف ماند پڑ جاتا ہے۔”

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے بانیوں اور پارٹی کی شہید قیادت کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے وقار، انصاف اور امن پر مبنی وطن کے خواب کی تکمیل کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انتہاپسندی، غربت اور عدم مساوات امن کے بڑے خطرات ہیں جبکہ حقیقی امن صرف خاموشی یا جبر سے قائم نہیں ہو سکتا۔ اس کے لیے سماجی انصاف، پسماندہ طبقات کا بااختیار بنانا اور انسانی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے عزم دہرایا کہ پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد ایک پُرامن، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کے لیے جاری رکھے گی، جو قائداعظم کے وژن کے مطابق ہو اور دنیا میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا