لندن: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 مئی کی فتح نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے وہ زندگی بھر یاد رکھے گا، اور ہم نے پاکستان کو عظیم عسکری قوت بنایا ہے۔
لندن میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے 10 مئی کی فتح اور معرکہ حق کی عظیم کامیابی پر اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ فتح ہے جس کے ذریعے دشمن کو وہ سبق یاد رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے انتہائی فخر ہے کہ میں سمندر پار عظیم پاکستانیوں کے سامنے کھڑا ہوں، جو یورپ، برطانیہ، شمالی امریکہ، مشرق وسطیٰ اور مشرق بعید میں دن رات محنت کرتے ہیں اور رزق حلال کماتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس انہی کی محنت سے ساڑھے 38 ارب ڈالر پاکستان بھیجے گئے، جس کے بغیر معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی۔
شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کی سیاسی اور عالمی سطح پر ملک کے دفاع میں کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ڈاکٹرز، انجینئرز، کاروباری افراد اور محنت کشوں نے پاکستان کی عظیم صفات دنیا کے سامنے متعارف کرائی ہیں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ جب بے جا الزام لگایا گیا تو انہوں نے کاکول میں بیان دیا اور عالمی کمیٹی کے ذریعے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ لیکن 6 مئی کو دشمن نے پاکستان کے خلاف حملہ کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے کارروائی کر کے دشمن کے 6 جہاز تباہ کیے۔
انہوں نے کہا کہ صبح 2:30 بجے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اطلاع دی کہ دشمن دوبارہ حملہ کر رہا ہے، جس پر فوری جواب دیا گیا۔ وزیر اعظم نے عرب دوست ممالک کے سربراہان کو پاکستان کی فتح کی وجوہات بھی بتائیں، جن میں افواج پاکستان کی دلیری اور سیاسی و عسکری قیادت کا مکمل اتحاد شامل ہے۔
وزیر اعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، بری فوج کے جوانوں اور ایئر چیف ظہیر احمد بابر کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کو وہ سرفرازی نصیب ہوئی جس کی حالیہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی بدولت معیشت آگے بڑھتی ہے اور یہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کی تربیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ووکیشنل ٹریننگ کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کی نوجوان نسل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قرضوں سے نجات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے بغیر پاکستان کو عظیم بنانا ممکن نہیں، اور قوم کی اتحاد و محنت سے یہ ممکن ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سیاسی اور عسکری قیادت متفق ہے کہ پاکستان کو عظیم بنانا ہے اور وہ اس عزم کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہوں گے۔
تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین اور چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن قمر رضا بھی شریک ہوئے۔





