چیئرمین پاک چائنا انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت کے گٹھ جوڑ سے چوکنا رہنا ہوگا۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے تناظر میں اسلام آباد، اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ممکنہ اہداف میں شامل ہو سکتا ہے، اس لیے غیر معمولی احتیاط ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن اور علاقائی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت کا گٹھ جوڑ ہے، کیونکہ دونوں انفرادی طور پر اپنے عزائم میں ناکام رہے ہیں۔
اسی دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب منیر اکرم نے بھی خبردار کیا کہ بھارت اپنی کمزور عالمی ساکھ کو سہارا دینے کے لیے پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی پالیسیوں پر تنقید سے بچنے کے لیے پاکستان کے خلاف اقدامات کرسکتا ہے، اس لیے پاکستان کو ہر وقت چوکس اور تیار رہنا ہوگا۔






