نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیجارٹو سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا گیا اور پاکستان و ہنگری کے تعلقات کو نئی جہت دینے پر زور دیا گیا۔

اس موقع سے پہلے اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے دوران گلف کوآپریشن کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البُدایوی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کے جی سی سی کے ساتھ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے رکن ممالک کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کو دہرایا۔

اس سے قبل اسحاق ڈار کی کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تجارت و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔





