وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت کے آغاز پر گردشی قرضہ تقریباً 22.4 کھرب روپے تھا، جس میں سے اب تک 800 ارب روپے کم کیے جا چکے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ آج 1225 ارب روپے کے گردشی قرضے میں کمی کی نئی اسکیم پر دستخط کیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام سے قرضوں کے بوجھ میں مزید کمی ممکن ہوگی۔
وزیر توانائی کے مطابق بجلی صارفین ہر یونٹ پر ساڑھے تین روپے ڈیٹ سروس سرچارج ادا کرتے رہے ہیں جو صرف سود کی ادائیگی پر خرچ ہوتا تھا، تاہم نئی اسکیم کے تحت یہ رقم اصل قرض کی ادائیگی کے لیے بھی استعمال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس حکمتِ عملی کے نتیجے میں آئندہ چھ سال میں گردشی قرضہ صفر تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اویس لغاری نے اس کامیابی کو وزیراعظم کے وژن اور رہنمائی کے ساتھ اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔