ژوب میں گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل کی رہائش گاہ پر پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 3 طلبہ اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار رائفل سے پھنسے ہوئے کارتوس کو نکالنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اچانک ٹرگر دبنے سے رائفل برسٹ موڈ پر چل گئی اور گولیاں لگ گئیں۔
زخمی طلبہ کو فوری طور پر سول اسپتال ژوب منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تینوں طلبہ کی سرجری مکمل ہوگئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے زخمی طلبہ سے ملاقات کی اور مکمل علاج کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے طلبہ کو ہر ممکن تعلیمی اور مالی مدد دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
دوسری جانب گورنر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کی بہتر تربیت اور اسلحہ کی باقاعدہ چیکنگ کے احکامات جاری کر دیے۔






