راولپنڈی: پاکستان اور روس کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں 15 ستمبر سے شروع ہونے والی مشترکہ فوجی مشقیں جاری ہیں، جو 27 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں پاکستان کی جانب سے وائس چیف آف جنرل اسٹاف اور روسی سینئر فوجی حکام نے شرکت کی۔ دونوں ممالک کے دستوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا اعلیٰ معیار پیش کیا۔
مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی آپریشنز میں استعمال ہونے والی ڈرلز، تکنیک اور طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے، جس میں ڈرون وارفیئر، شہری علاقوں میں لڑائی اور بارودی سرنگوں کے تدارک پر خصوصی توجہ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مشق کے دوران دونوں ممالک نے اپنے تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم بھی دہرایا۔






