فیصل آباد: جعلی فٹ بال ٹیم کے بعد اب جعلی مارشل آرٹس ٹیم بھی بیرون ملک جانے سے قبل پکڑی گئی۔ فیصل آباد ایئرپورٹ پر روس جانے والے پانچ مسافروں کو مارشل آرٹس کھلاڑی ظاہر کرنے پر آف لوڈ کر دیا گیا۔
مسافر فلائٹ نمبر ایف زیڈ-392 کے ذریعے روس جا رہے تھے، جن میں اقبال مرتضیٰ، عبدالوہاب، شاہزیب خان، سمیع اللہ اور محمد سلیمان شامل تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے مارشل آرٹس مقابلوں میں شرکت کا جھانسہ دیا، لیکن ابتدائی تفتیش میں سب کو کھیل کے بارے میں کوئی علم نہیں پایا گیا۔ ٹیم کے مبینہ ہیڈ اقبال مرتضیٰ کے پاس کوئی رجسٹریشن یا دعوت نامہ بھی موجود نہیں تھا۔
گرفتار ٹرینرز شاہزیب خان اور عبدالوہاب کو بھی کھیل کے بارے میں معلومات نہیں تھیں۔ مسافروں کو آف لوڈ کرکے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا گیا۔






