بھارت میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے محبت و عقیدت کا اظہار جرم بنا دیا گیا۔ ریاست اتر پردیش میں ’آئی لَو محمد ﷺ‘ کا نعرہ بلند کرنے اور بینر لگانے پر پولیس مسلمانوں پر ٹوٹ پڑی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور میں 12 ربیع الاول کو میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں مسلمانوں نے ’آئی لَو محمد ﷺ‘ کا بینر لگایا، جس پر انتہا پسند ہندو بھڑک اٹھے اور ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ اس دوران توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
پولیس نے واقعے کے کئی روز بعد کارروائی کرتے ہوئے 20 مسلمانوں پر مقدمہ درج کر لیا، جس پر مسلمانوں میں شدید اشتعال پھیل گیا۔
بھارت کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ رائے بریلی میں مولانا توقیر رضا خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔
اسی طرح سہارنپور میں بھی جمعہ کی نماز کے بعد نکالی جانے والی ریلی پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور کئی مسلمانوں کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب بھوپال اور ممبئی سمیت دیگر شہروں میں بھی مسلمان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے اور عشق رسول ﷺ کے حق میں ریلیاں نکالیں۔






