کراچی: حکومت سندھ نے کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے وزرا کے محکمے تبدیل اور نئے وزرا و مشیروں کا تقرر کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ناصر حسین شاہ کو وزیر بلدیات مقرر کیا گیا ہے، وہ اس سے قبل وزیر توانائی اور پی اینڈ ڈی کے قلمدان سنبھال رہے تھے۔ سعید غنی کو بلدیات سے ہٹا کر لیبر، ہیومن ریسورس اور سوشل پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کا وزیر بنایا گیا ہے۔
محمد اسماعیل راہو کو سندھ کابینہ میں بطور وزیر شامل کرلیا گیا جبکہ گیان چند ایسرانی وزیراعلیٰ کے مشیر برائے بحالی تعینات ہوئے۔
جام خان شورو کو ایریگیشن کے ساتھ پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ کا اضافی قلمدان مل گیا۔ مخدوم محبوب الزماں کو وزیر خوراک مقرر کیا گیا اور ان سے بحالی کی وزارت واپس لے لی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے 4 خصوصی معاونین کا بھی تقرر کیا ہے، جن میں ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی، فراز عابد لاکھانی، محمد طارق حسن اور عطا محمد پنہور شامل ہیں۔
مزید برآں محمد علی راشد کو معاون خصوصی برائے سائنس و آئی ٹی اور عبدالجبار خان کو محکمہ خوراک سے ہٹا کر بحالی میں تعینات کیا گیا۔ جین خان سرفراز کو سوشل پروٹیکشن سے ہٹا کر آرکائیوز کا قلمدان دیا گیا۔
یہ ردوبدل صوبائی حکومت کی جانب سے محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔






