اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا ہے کہ یمنی ساحل کے قریب ایل پی جی ٹینکر پر اسرائیلی ڈرون کے حملے کے دوران جہاز پر آگ لگ گئی تھی، جس میں 27 افراد سوار تھے جن میں 24 پاکستانی شامل تھے۔ حملے کے بعد ایک ٹینک پھٹ گیا تاہم عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بعد ازاں حوثی فورسز نے جہاز کو روک کر عملے کو یرغمال بنایا، تاہم پاکستانی سیکیورٹی اداروں اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں تمام افراد بازیاب ہوگئے۔ کیپٹن مختار اکبر سمیت تمام پاکستانی عملہ محفوظ رہا اور جہاز یمنی پانیوں سے باہر آچکا ہے۔
وزیر داخلہ نے سیکریٹری داخلہ خرم آغا، سفیر نوید بخاری اور دیگر اہلکاروں کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے اہلکاروں کے ساتھ سعودی عرب اور عمان میں پاکستانی ٹیموں نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر یقین دلایا کہ پاکستانی عملے کی حفاظت یقینی بنانے اور بین الاقوامی پانیوں میں سلامتی کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔






