ترک صدر طیب اردوان نے استنبول میں بوسفرس ڈپلومیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل کو نہ روکا گیا تو فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششیں ناکام رہیں گی۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی کابینہ کے فوری ٹرائل کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ کی تباہی پر 100 ارب ڈالر ہرجانہ وصول کرنے کا اعلان کیا۔
صدر اردوان نے عالمی اداروں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر ادارے انسانیت کے مسائل حل کرنے کے بجائے خود مسئلے کا حصہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے غزہ میں بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر بھی شدید تشویش ظاہر کی اور عالمی برادری کی خاموشی پر خبردار کیا۔
ترک صدر نے فلسطین کی حمایت میں ورلڈ کپ 2026 سے اسرائیل کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا، جو غزہ میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔






