لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک خاتون اور ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر محمد اشرف عرف اشرف سلیمی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سیالکوٹ، گجرانوالہ اور منڈی بہاالدین سے پکڑے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم محمد اشرف 2024 میں یونان کشتی حادثے میں ملوث تھا اور اس نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر یونان بھجوانے کے لیے فی کس 25 لاکھ روپے وصول کیے تھے، جس کے نتیجے میں شہری جاں بحق ہوئے۔ دیگر ملزمان نے بھی مختلف ممالک میں شہریوں کو بھجوانے کے بہانے بھاری رقوم ہتھیائی تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی گینگ کا حصہ ہیں اور گرفتار ہونے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے کہا کہ باقی مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔






