ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی اداروں خصوصاً آئی سی ای (امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ) کی تنصیبات پر حملوں کو روکنے کے لیے اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ اور جرائم کنٹرول کرنے کے لیے ٹینیسی کے شہر میمفِس میں فوجی دستے بھیجنے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پوری قوت استعمال کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے محکمۂ جنگ کے وزیر پیٹ ہیگسیٹھ کو حکام کی حفاظت کے لیے تمام ضروری فوجی یونٹس فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
گورنر ٹینیسی بل لی کے مطابق، میمفِس میں قومی گارڈ، وفاقی ایجنسیوں کے ایجنٹس اور ہائی وے پٹرول افسران اگلے ہفتے سے تعینات ہو سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 100 ملین ڈالر ریاستی گرانٹس کی صورت میں دیے جائیں گے تاکہ امن و امان بحال ہو اور شہر کو دوبارہ محفوظ بنایا جا سکے۔
جون میں امریکی حکام نے بتایا تھا کہ جنوبی پورٹ لینڈ کے آئی سی ای مرکز کے قریب شرپسندوں نے آتشگیر مواد رکھ کر آگ لگانے کی کوشش کی تھی۔
ٹرمپ کے اس فیصلے پر بڑے پیمانے پر تنقید سامنے آئی ہے۔ پورٹ لینڈ کے مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مقامی یا ریاستی درخواست کے بغیر فوجی مداخلت قانونی و آئینی مسائل پیدا کر سکتی ہے اور صورتحال کو مزید کشیدہ بنا سکتی ہے۔






