نئی دہلی: بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں سیاسی جلسے کے دوران بھگدڑ سے 39 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ مشہور اداکار اور سیاستدان وجے کے خلاف درج کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وجے کی جماعت تامیلاگا ویٹاری کیزاگام (ٹی وی کے) کے انتخابی جلسے کے دوران ہزاروں افراد کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث یہ سانحہ پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پارٹی نے 10 ہزار افراد کے اجتماع کی اجازت لی تھی مگر شریک ہونے والوں کی تعداد اس سے دگنی تھی۔
پولیس نے مقدمے میں پارٹی رہنماؤں بسی آنند، نرمل کمار اور وی پی ماتھیالاگان کو بھی نامزد کیا ہے۔ سینئر افسر وی سیلویراج کے مطابق تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تین دہائیوں سے تامل فلموں کے معروف اداکار وجے نے گزشتہ سال سیاست میں قدم رکھا تھا۔ واقعے پر انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کا اعلان کیا۔
تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ وجوہات جاننے کے لیے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن قائم کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھگدڑ اس وقت مچی جب وجے تقریر کر رہے تھے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ متاثرہ شہریوں کو پانی فراہم کرتے اور پولیس کو مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔






