وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کھیل میں سیاست کو شامل کرنے سے کرکٹ کا کلچر اور اسپرٹ متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی اپنی سیاست بچانے کے لیے برصغیر میں امن اور مسائل کے حل کے مواقع ضائع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عزت اس طرح بحال نہیں ہوتی، پاک بھارت جنگ کا اسکور چھ صفر تاریخ میں ہمیشہ کے لیے ثبت ہوچکا ہے، مودی نہ صرف بھارت بلکہ دنیا میں بھی سبکی کا شکار ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ اسی طرح فائنل سے قبل بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ ٹرافی کی یادگار تصویر بھی نہیں بنوائی۔
فائنل میچ کے بعد بھی بھارتی ٹیم نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا، جس کے باعث دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں تقریب بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔






