دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیپال نے ویسٹ انڈیز کو 90 رنز سے شکست دے کر انٹرنیشنل کرکٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا اور تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ نیپال کی جانب سے آصف شیخ نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جب کہ سندیپ جورا نے تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین اور کائل میئرز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف 83 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جیسن ہولڈر 21 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ نیپال کی جانب سے محمد عادل عالم نے 24 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ خوشحال بھورتل نے 16 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
نیپال نے نہ صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی بلکہ آئی سی سی کے فل ممبر کی ٹیم کے خلاف پہلی مرتبہ سیریز جیتنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔






