راولپنڈی: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 17 کیس رپورٹ ہوئے، جس کے بعد شہر میں کنفرم مریضوں کی تعداد 656 ہو گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق اب تک 10 ہزار 816 افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے۔ رواں سال ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، تاہم 61 مریض تاحال اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی تعداد 1499 ہے، جنہوں نے اب تک 53 لاکھ 16 ہزار سے زائد گھروں کی چیکنگ کی، جن میں 1 لاکھ 57 ہزار 73 گھروں میں ڈینگی لاروا موجود پایا گیا۔
اسپاٹ چیکنگ کے دوران 14 لاکھ 26 ہزار مقامات کا معائنہ کیا گیا، جہاں 21 ہزار سے زائد جگہوں پر ڈینگی لاروا ملا۔ مجموعی طور پر 1 لاکھ 78 ہزار 94 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔
ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4265 مقدمات درج کیے گئے، 1813 عمارتوں کو سیل اور 3415 چالان کیے گئے جبکہ ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈھوک منگٹال، ڈھوک بابو عرفان، کونتریلا، پنڈوڑہ، دھمیال، کوٹھہ کلاں، ہزارہ کالونی، چک جلال دین اور واہ کینٹ کے وارڈ نمبر 2 سے ڈینگی لاروا اور مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔






