پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کے جلسے میں بدنظمی اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ضلعی صدر پی ٹی آئی پشاور عرفان سلیم کی زیر صدارت اجلاس میں جلسے کے کامیاب انعقاد پر عوام کا شکریہ ادا کیا گیا، تاہم دورانِ جلسہ پیش آنے والے افسوسناک واقعات، صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک اور پولیس تشدد پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں وضاحت کی گئی کہ جلسے کے انتظامات اور سٹیج کی ذمہ داری ضلعی تنظیم کے پاس نہیں تھی، سوائے ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ کے جس پر کابینہ کا ایک رکن تعینات تھا۔
مزید تحقیقات کے لیے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری قادر نواز کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں سینئر نائب صدر عامر سہیل خلیل اور نائب صدر رفیع اللہ شامل ہیں۔ کمیٹی اپنی سفارشات ضلعی تنظیم کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آئندہ ضلع پشاور میں کسی بھی سیاسی سرگرمی کی مکمل ذمہ داری ضلعی تنظیم پر ہوگی اور انہیں پارلیمنٹیرینز اور حکومتی نمائندوں کی حمایت حاصل ہونی چاہیے۔ مشاورت کے بغیر کسی ناکامی کی ذمہ داری ضلعی تنظیم پر ڈالنا قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
اس موقع پر میئر تحصیل متھرا کی جانب سے کارکن کے ساتھ نامناسب رویے کی مذمت کی گئی اور ان کی جانب سے کارکن کے گھر جا کر معذرت کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیا گیا۔
آخر میں ضلعی تنظیم نے ملک بھر سے آنے والے مہمانوں سے پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔






