وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فلسطین کے کلیدی رہنماؤں نے ٹرمپ کے امن منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، ہمیں ماتم کرنے کے بجائے خوش ہونا چاہیے کہ پاکستان کو اسلامی بلاک میں اہم کردار ملا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو فخر ہے کہ پاکستانیوں کا نام محافظین حرمین شریفین کے طور پر لکھا جائے گا۔ فلسطین کے مناظر دیکھ کر ہر درد مند دل رکھنے والا پریشان ہوتا ہے، لیکن اب وہاں امن قائم ہوتا نظر آرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان اور اسلامی دنیا نے نیتن یاہو کو اس کے منہ پر لعنت بھیجی، یہ تاریخ میں لکھا جائے گا۔ پاکستان کی سفارتی کامیابی ہمارے لیے فخر کا باعث ہے۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ بھارت سفارتی تنہائی کا شکار ہے، جبکہ پاکستان کی عزت میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس معاملے پر مشترکہ اجلاس ہونا چاہیے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آج بھی 18ویں ترمیم کے ساتھ کھڑی ہے، ریکوڈک معاملے میں سپریم کورٹ کی مداخلت کے باعث 8 ارب ڈالر کا جرمانہ وفاق نے دینا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ این ایف سی کے لیے صوبوں سے نامزدگیاں لے کر انہیں فائنل کردیا گیا ہے اور جلد این ایف سی ایوارڈ جاری کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہماری قیادت نے ہمیشہ جیلیں اور سزائیں برداشت کی ہیں۔






