بھارتی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سندھیا شنتارام طویل علالت کے بعد آج انتقال کر گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سندھیا شنتارام ہندی اور مراٹھی سینما کا بڑا نام تھیں۔ وہ نہ صرف جاندار اداکاری بلکہ کلاسیکل رقص میں بھی مہارت رکھتی تھیں، جس کی بدولت پورے بھارت میں شہرت حاصل کی۔
فلم پنجرہ نے انہیں وہ لازوال مقام دیا جو آج بھی فلم بینوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جھنک جھنک پائل باجے اور دو آنکھیں بارہ ہاتھ جیسی یادگار فلموں میں شاندار کردار نبھائے۔
عمر رسیدگی اور بیماریوں کے باعث وہ عرصے سے کمزور اور نقاہت کا شکار تھیں۔ اپنے فلمی کیریئر میں انہوں نے کئی بڑے ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔
وہ مشہور فلم ساز وی شنتارام کی اہلیہ تھیں۔ ان کے انتقال پر حکومتی شخصیات، شوبز کے ستاروں اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔






