پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز مغل کے مطابق ایمل ولی خان کی سکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ وفاقی حکومت کا ہے، تاہم علی امین گنڈاپور نے آئی جی خیبر پختونخوا کو حکم دیا ہے کہ سکیورٹی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایمل ولی خان کے خاندان کو ماضی میں بھی نشانہ بنایا گیا ہے، اس لیے سکیورٹی میں کمی کسی صورت ممکن نہیں، انسانی جان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
ادھر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ ایمل ولی کی سکیورٹی واپس لینے کے خلاف ہیں، اگر سیاسی رہنماؤں کو خطرات ہیں تو انہیں سکیورٹی فراہم کی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایمل ولی خان نے الزام عائد کیا تھا کہ وفاقی حکومت نے ان کی اور ان کے خاندان کی سکیورٹی واپس لے لی ہے، اور کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔






