سابق وزیر اعلی عثمان بزدار کے دور میں ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں 131 ملین روپے کی مالی بے ضابطگی سامنے آئی ہے، جبکہ اہم ریکارڈ آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو فراہم نہیں کیا گیا۔
2021-22 کی آڈٹ رپورٹ میں ملازمین کی بھرتیوں سے متعلق پے سرٹیفیکیٹ، سروس بک، ریگولیشن بک اور دیگر اہم دستاویزات آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو پیش نہیں کی گئیں۔ کئی بار درخواست کے باوجود ریکارڈ نہ دینے پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری نے کمپنی پر اظہار برہمی کیا۔
چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری احمد اقبال نے کہا کہ ریکارڈ نہ دینے کی وجہ سے معاملہ مشکوک نظر آتا ہے اور یہ جانچنا ضروری ہے کہ ملازمین گھوسٹ تو نہیں ہیں۔ کمیٹی نے ایک ہفتے میں ریکارڈ نہ آنے پر معاملہ ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھیجنے کا اعلان کیا۔
سیکریٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد نے بتایا کہ کمپنی کے سی اوز بار بار تبدیل ہوئے ہیں اور جو بھی ذمہ دار ہوگا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔





