مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پلس حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے لاکھوں خاندان معیاری اور مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے ڈیڑھ سالہ دور میں 16 لاکھ 70 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے، جس پر مجموعی طور پر 57 ارب روپے کے اخراجات آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 276 مریضوں کو ٹرانسپلانٹ اور کاکلیئر امپلانٹ کی سہولت بھی فراہم کی جا چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ پلس کے تحت خیبرپختونخوا کے 158 اور ملک بھر کے 700 ہسپتالوں میں علاج کی مفت سہولت دستیاب ہے، جس میں گردے اور جگر کی پیوندکاری، بون میرو ٹرانسپلانٹ سمیت مہنگے امراض کا علاج بھی شامل ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ژوندون کارڈ کے ذریعے او پی ڈی مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ اس منصوبے کا آغاز ضلع مردان سے کیا گیا ہے جسے جلد صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پلس عوام کو باوقار اور معیاری صحت سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت عوامی خدمت کا نیا معیار قائم کر رہی ہے اور یہ منصوبہ عوام کی خدمت، تحفظ اور شفا کی ضمانت ہے۔





