اسلام آباد: توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف استغاثہ کے آخری گواہ پر جرح مکمل کر لی گئی۔ عدالت نے ملزمان کو 342 کے تحت اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا آخری موقع فراہم کر دیا۔
کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی، جہاں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے استغاثہ کے آخری گواہ محسن ہارون پر جرح مکمل کی، جبکہ پراسیکیوشن نے عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ شہادت مکمل ہو چکی ہے۔
عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 29، 29 سوالات پر مشتمل سوالنامے فراہم کیے اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ان کے جوابات جمع کرائے جائیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ ملزمان کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے اور دفاعی گواہ پیش کرنے کا آخری موقع دیا جا رہا ہے۔
سماعت کے دوران سینیٹر علی ظفر، سینیٹر مشال یوسف زئی، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، کے پی حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف اور عمران خان کی تینوں بہنیں بھی موجود تھیں۔ جبکہ وفاقی پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی، بلال بٹ، اسپیشل پراسیکیوٹر بیرسٹر عمیر مجید اور شہروز گیلانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور وکلاء صفائی کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر سوالنامے کے جوابات جمع کرائے جائیں۔






