وزیراعظم شہباز شریف کی انور ابراہیم سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

0
190

کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف، جو اس وقت ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں، نے وزیراعظم انور ابراہیم سے پردانا پترا میں ملاقات کی۔ پردانا پترا آمد پر انہیں باضابطہ سرکاری استقبالیہ دیا گیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کی وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، حلال انڈسٹری، آٹوموٹیو، گرین انرجی، سیاحت، اعلیٰ تعلیم اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

فریقین نے پاکستان سے ملائیشیا کو حلال گوشت برآمدات کا کوٹہ 200 ملین امریکی ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ اس بات پر بھی اطمینان ظاہر کیا کہ پاکستان کی جانب سے چاول کی برآمدات مقررہ کوٹے سے تجاوز کر چکی ہیں۔

علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر۔ ملائیشین وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف اور کردار کو سراہا جبکہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر پاکستان-آسیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کی جانب سے آسیان کے ڈائیلاگ پارٹنر کے طور پر پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں سفارتکاروں کی تربیت، سیاحت، حلال سرٹیفیکیشن، اعلیٰ تعلیم، کرپشن کے خاتمے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ شامل ہیں۔

تقریب میں ملائیشین وزیراعظم کی کتاب “سکرپٹ” کی رونمائی بھی کی گئی۔ دورے کے اختتام پر وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا