ابوظہبی: افریقی ملک اسواتینی (سابقہ سوازی لینڈ) کے بادشاہ مسواتی سوئم کی 15 بیویوں اور 30 بچوں کے ہمراہ دبئی کے سرکاری دورے کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں بادشاہ مسواتی سوئم کو چیتے کے پرنٹ والے روایتی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کی بیویاں رنگ برنگے افریقی لباس میں جلوہ گر ہیں۔ بادشاہ کے ساتھ 100 ملازمین بھی موجود تھے جو شاہی ساز و سامان سنبھال رہے تھے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کے تین ٹرمینلز عارضی طور پر بند کرنے پڑے۔
رپورٹس کے مطابق بادشاہ مسواتی اقتصادی معاہدوں پر بات چیت کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے تھے۔ وہ افریقہ کے واحد مطلق العنان حکمران ہیں اور 1986 سے اقتدار میں ہیں۔ ان کی ذاتی دولت ایک ارب ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب، اسواتینی میں تعلیم اور صحت کا نظام بحران کا شکار ہے، اسپتالوں میں ادویات کی کمی ہے اور طلبہ مالی مشکلات کے باعث تعلیم مکمل نہیں کر پاتے۔ عالمی بینک کے مطابق 2021 میں بے روزگاری کی شرح 23 فیصد سے بڑھ کر 33.3 فیصد ہو گئی۔






