کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں سنگین ڈکیتی کی واردات پیش آئی جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر ماں اور بیٹی کو یرغمال بنایا اور 3 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سونا، سعودی ریال اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
متاثرہ شہری وقاص کے مطابق وہ کام پر گئے ہوئے تھے جبکہ گھر پر اہلیہ اور بیٹی موجود تھیں۔ اس دوران دو مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے، اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور باندھ کر تقریباً 79 تولہ سونا، سعودی ریال اور نقدی لوٹ لی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ حال ہی میں سعودی عرب سے کراچی منتقل ہوئے ہیں اور لوٹا گیا سونا ان کی والدہ اور بھائیوں کا بھی تھا۔
شہری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم اور سونا برآمد کیا جائے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔






