آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے گروپ میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو 107 رنز سے ہرا دیا، جس کے بعد گرین شرٹس کی ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست ہو گئی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ابتدائی طور پر پاکستانی بولرز نے شاندار آغاز فراہم کیا اور صرف 76 رنز پر آسٹریلیا کی 7 وکٹیں گرادیں، لیکن اس کے بعد بیتھ مونی نے شاندار سنچری بنائی جبکہ الانا کنگ نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں کے درمیان نویں وکٹ پر 106 رنز کی شراکت داری نے آسٹریلیا کو مقررہ 50 اوورز میں 221 رنز تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے 3 اور فاطمہ ثنا و رامین شمیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مسلسل لڑکھڑاتی رہی۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ صرف 8 رنز پر گری اور آدھی ٹیم 31 رنز پر پویلین لوٹ گئی، جبکہ پوری ٹیم 37 ویں اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی کم گیرتھ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوں آسٹریلیا نے میچ 107 رنز سے جیت لیا۔ اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم کو بنگلادیش اور بھارت کے ہاتھوں بھی شکست ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی آئی سی سی ورلڈ کپ 2025 میں کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔






