ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک، میجر سبطین حیدر شہید

0
175

سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر سبطین حیدر شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کو گھیرے میں لیا گیا، جس کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی۔ فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں تمام دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے اور ملک میں مزید دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ میجر سبطین حیدر نے بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے فرنٹ لائن پر دشمن کا مقابلہ کیا اور وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا