نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امید ہے غزہ معاہدہ مستقل جنگ بندی اور دیرپا امن کا باعث بنے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاق کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں فوری جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی، اور غزہ تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی شامل ہے۔
انہوں نے صدر ٹرمپ، قطر، مصر اور ترکی کی اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف کو دہراتا ہے کہ فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ غزہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن قائم کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس معاہدے کے لیے امریکی صدر ٹرمپ کی کوشش عالمی امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔






