غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ نافذالعمل ہوگیا؛ مصری میڈیا کا دعویٰ

0
213

غزہ میں کئی برسوں سے جاری خونریزی کے بعد بالآخر جنگ بندی معاہدہ مؤثر ہوگیا۔ مصری میڈیا کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے فریقین کے درمیان طے پانے والا امن معاہدہ عملی طور پر نافذ ہوگیا۔

مصری نشریاتی ادارے القاہرہ ٹی وی کے مطابق جنگ بندی کے بعد غزہ میں فائرنگ اور فوجی کارروائیوں کا سلسلہ رک گیا ہے۔ مصر کی وزارتِ خارجہ نے اس پیش رفت کو ’’اہم اور نازک لمحہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرم الشیخ مذاکرات نے غزہ جنگ میں ایک فیصلہ کن موڑ پیدا کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مصری وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی پیرس روانہ ہوں گے، جہاں وہ غزہ کی صورتحال پر وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے تاکہ امن عمل کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق جنگ بندی کی باضابطہ توثیق آج شام متوقع ہے۔ ایک اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ غزہ میں موجود 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اتوار یا پیر کو متوقع ہے، جسے معاہدے کا پہلا عملی مرحلہ کہا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان دستخط آج متوقع ہیں، جن کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر اسرائیلی فوج کا جزوی انخلا شروع ہو جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے معاہدے کی منظوری کے لیے دو خصوصی اجلاس طلب کیے ہیں، جبکہ فوج نے تصدیق کی ہے کہ عمل درآمد کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

غزہ کے شہری برسوں بعد امن کی امید میں ایک دوسرے کو گلے لگاتے اور مبارکباد دیتے نظر آئے۔ خان یونس اور غزہ شہر میں لوگوں کے چہروں پر سکون اور خوشی کی جھلک نمایاں تھی۔

عالمی رہنماؤں، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور وزیراعظم پاکستان نے اس معاہدے کو مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی سمت ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا