وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جیل میں بیٹھا شخص دہشت گردوں کا چیف اسپانسر ہے اور اس سے دہشت گردوں کو سہولت کاری ملتی ہے، تاہم ملک میں عدم استحکام پھیلانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے لندن کی عدالت کے حالیہ فیصلے کو تحریکِ انصاف کے خلاف ایک شکست قرار دیا اور کہا کہ ریاستی اداروں اور قومی اداروں کے خلاف بیانیہ ناکام ہو گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ “جیل میں بیٹھا شخص دہشت گردوں کا چیف اسپانسر ہے اور دہشت گردوں کو اس سے سہولت کاری ملتی ہے” اور اس ضمن میں کہا کہ دہشت گردی کی سہولت کاری کے لیے سہیل آفریدی کو لایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں کے پی میں دہشت گردی واپس لائی گئی اور اس کی سیاست اسی کے گرد گھوم رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کو کسی رعایت کا حق نہیں ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی اسلام آباد میں طے ہوگی، افغانستان میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا کے لواحقین فخر محسوس کرتے ہیں اور قوم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھی اپنے بیان میں لکھا کہ پی ٹی آئی کی ہر ریاست مخالف سازش کو بین الاقوامی عدالتوں اور فورمز پر شکست ہوئی ہے اور آج کا لندن کا فیصلہ درحقیقت پاکستان کے حق میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اور ان کے آلہ کار ہر میدان میں شکست کھائیں گے۔






