سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 جوانوں کی شہادت میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران فورسز نے تمام دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں سمیت نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق اورکزئی حملے میں ملوث بڑی تشکیل کے تمام 30 دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، جبکہ فورسز ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل اورکزئی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 11 جوان شہید ہوئے تھے، جب کہ جوابی کارروائی میں 19 خوارج مارے گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ضلع اورکزئی میں کارروائی کی تھی۔
اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ فورسز کی مؤثر کارروائی میں 19 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت 11 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالب فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔






